اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخابی مہم میں وفاقی وزراء کی شمولیت سے متعلق الیکشن کمیشن کا انتباہ پر وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاہے کہ آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میرے کراچی پہنچنے سے پہلے بیان جاری کر دینا سمجھ سے باہر ہے، الیکشن کمیشن اپوزیشن ارکان کو کھلی چھوٹ دے کر ہمارے ہاتھ پاوں باندھ رہا ہے، اسمبلی میں ہوں تو اپوزیشن ارکان ایوان سے بھاگتے ہیں، اب کراچی آنے سے بھی خوفزدہ ہیں۔
انہوںنے کہاکہ انشاللہ تحریک انصاف بھاری اکثریت سے این اے 249 کا ضمنی انتخاب جیتے گی۔مراد سعید نے کہاکہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ دے، مراد سعید نے جمعہ سے کراچی میں انتخابی مہم میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے،مراد سعید کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب بھی شیڈول ہیں۔