فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں بلکہ آئندہ مالی سال میں نظر انداز اضلاع کیلئے زیادہ بجٹ مختص کیا جائے .
جب تک مضبوط بلدیاتی نظام نہیں آئے گا عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے ، حلقے کے عوام ہر کڑے وقت میں ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 97کے عمائدین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں حلقے کے دیرینہ مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے لئے آنے والوں نے ہمایوں اختر اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے حلقے کی عوام سے بلا تعطل رابطے رکھنے پر ان سے بھرپور اظہار تشکر کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے میں سیاست شروع کرتے وقت عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اب میرا جینا مرنا حلقے کے لوگوں کے ساتھ ہے اور میں نے اپنا وعدہ نبھاکر دکھایا ہے ۔
حلقے کے مسائل کے حوالے سے جہاں اپنی بھرپور آواز بلند کر رہے ہیں وہیںاپنی استطاعت کے مطابق بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ، ہمارے آواز اٹھانے پر کئی مسائل حل بھی ہوئے ہیں جس سے عوام کی زندگیوں میں آسودگی آئی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم کسانوں، نوجوانوں ، تاجروںسمیت ہر طبقے کی آواز بنیںگے ، ہمارے پیش نظر صرف عوام کے مسائل کا حل ہے ۔