کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئروزیرشرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں مختلف اضلاع میں متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔اتوارکوجاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ میں بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اپریل کو شدت اختیار کر سکتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہاکہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر شہری علاقوں میں نکاسی آب کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ حساس ڈھانچوں اور کھڑی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو مزید فعال رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سندھ حکومت نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، ریسکیو سروسز اور دیگر محکموں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
سینئرصوبائی وزیر نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر حکومتی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کر سکیں۔شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی ممکنہ نقصان کے ازالے کے لیے موثر لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔









