لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے تجاویز کے حصول کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے پیشگی مشاورت شروع کرنی چاہیے ،بجٹ کی تیاری میںآئی ایم ایف کے دبائو اور خواہشات کے برعکس زمینی حقائق کو پیش نظر رکھا جائے تاکہ معیشت کی سانسیں بحال ہو سکیں،حکومت عید الفطر سے قبل تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محض تین ماہ باقی رہ گئے ہیں لیکن اسٹیک ہولڈرزسے اس طرح مشاورت شروع نہیں کی گئی جو وقت کا تقاضہ ہے ۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز میںریلیف اورخاص طور پر چھوٹے تاجروں کیلئے سکیمیں لائی جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ بجٹ کے لئے مشاورت کے عمل کووسیع کرنا چاہیے ،اس کے لئے چیمبرز،ایسوسی ایشنز اورتاجر تنظیموں کے دفاترمیں اسٹیک ہولڈرزکے مشاورتی سیشن منعقد کئے جائیںتاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور مثبت بجٹ کی دستاویز کی تیاری میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ عید الفطر سے قبل بازاروں اور تجارتی مراکزمیں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے اور لوگوں کوروزگار کمانے کیلئے قانونی طو رپر متبادل جگہیں دی جائیں۔