برف

آئس فیکٹری مالکان کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ،برف کا بلاک مہنگا کر دیا

رائے ونڈ (رپورٹنگ آن لائن )رائے ونڈ آئس فیکٹری مالکان کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ،برف کا بلاک مہنگا ہونے سے غریب آدمی ٹھنڈا پانی پینے سے قاصر ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت بڑھتے ہی آئس فیکٹری مالکان نے ناجائز منافع خوری شروع کردی ،5سو روپے میں فروخت ہونیوالا برف کا بلاک 8سو روپے تک فروخت ہونے لگا ہے آئس ڈیلرز بھی ناجائز منافع خوری میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں عام آدمی ٹھنڈا پانی پینے سے بھی قاصر نظر آرہا ہے ،بیس اور پچاس روپے میں برف خرید کر گزارا کرنے والے گاہک اب 100روپے سے کم برف خریدنے سے قاصر ہیں برف کی اچانک بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شہری پریشان ہیں .

ادھر رائے ونڈ شہر کے درجنوں مقامات پر برف فروخت کرنیوالے افراد کا کہنا ہے کہ برف کارخانوں سے مہنگی برف ملنے پر لوگ ان کیساتھ جھگڑا کرتے ہیں ،آئس فیکٹری مالکان اپنی من مرضی کے ریٹ پر برف فروخت کرتے ہیں انکو ضلعی انتظامیہ سمیت کوئی پوچھنے والا نہیں ہے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برف کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔