رانا تنویر حسین

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند نہیں کیا جا رہا ،ری اسٹرکچرنگ کر کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں’رانا تنویر حسین

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند نہیں کیا جا رہا بلکہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے ری اسٹرکچرنگ کر کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں،حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے،بجلی کی قیمتوں میں بھی چند مہینوں میں ان شا اللہ بہتری نظر آئے گی،ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے کی سخت ضرورت ہے ، معیشت کے استحکام کے لئے سیاسی استحکام کی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر لاہور میں نویں کلر اینڈ کیم نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے،ہمارے سابقہ دور حکومت میں ہر چیز سستی تھی،2017 میں جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو ہماری معیشت بہت بہتر ہو چکی تھی،پاکستان دنیا کی 24ویں معیشت تھی ،ملکی معیشت ٹیک آف کی پوزیشن میں تھی کہ ہماری حکومت ختم کر دی گئی اور ایک نالائق کو ملک پر مسلط کر دیا گیا،جس نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال کر رکھ دیا۔

انہوں نے کہا ہم دوبارہ ملکی معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت دو تین مہینوں میں مہنگائی میں واضح کمی ہوئی ہے،مہنگائی کی شرح38سے 16فیصد پر آگئی ہے،جلد ملک کو درپیش مشکل حالات سے نکال کر دوبارہ خوشحال بنائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف فوکس کر رہے ہیں کہ ہم دوبارہ 20بہتر معیشتوں میں شامل ہو جائیں،ہم آئی ٹی کو فروغ دینے کی طرف جا رہے ہیں۔معیشت بحال ہوگی تو فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا اور مہنگائی کم ہو گی۔۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنایا جا رہا ہے،چین کے سرمایہ کار جلد ملک میں سرمایہ کاری کے لیے موجود ہوں گے،سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریزی کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ مقامی سطح پر پیداوارکی ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمدات بڑھائی جاسکیں۔رانا تنویر حسین نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ترجیح زراعت ہے،جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے بغیر اس میں ترقی ممکن نہیں ہے،حالیہ دورہ چین میں بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کی حکومت کے ساتھ ملکی ماہرین زراعت اور سٹیک ہولڈرز کی ٹریننگ کے معاہدے کئے جس کے تحت چین ہمارے ان ماہرین کو ٹریننگ دے گا،جس سے ملکی زراعت میں بہتری واقع ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام تک شفاف انداز میں سبسڈی کے فوائد کو پہنچانے کے لیے یوٹیلیٹی سٹور کی ری اسٹرکچرنگ کررہے ہیں،اس سسٹم کو بہتر کررہے ہیں،شکایات تھیں کہ عوام تک سبسڈی کے فوائد پوری طرح نہیں پہنچ رہے،کچھ ملازمین اس میں ملوث ہیں اور کچھ افسران کے نام بھی اس میں تھے جو سبسڈی لے رہے تھے،اس لیے اصلاحات لانا ضروری تھا،ہماری کوشش ہے کہ سبسڈی مستحقین کو ملے۔وزیر صنعت و پیداوار نے مزید کہا کہ چیزوں کو بہتر کر رہے ہیں تاکہ حق داروں کو چیزیں ملیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 100فیصد صحیح لوگوں کو نہیں مل رہا، سبسڈی کو حق داروں تک پہنچانے کے لیے شفافیت لا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہماری معیشت کے لیے درست نہیں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیںجس کے لئے وزیر اعظم اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام بہت ضروری ہوتا ہے، یہ جو انتشار پھیلا ہے، یہ 2014 سے ہے، سازش ہوئی تو ہر چیز تباہی کی طرف چلی گئی، ایک شخص کہتا ہے کہ مجھے نکالا تو میں اور زیادہ خطرناک ہو جاں گا، جب چیزیں سامنے آئیں اور کردار شکنجے میں آ جائیں گے تو ان شا اللہ معاملات مزید بہتر ہو جائیں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے فیتا کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں 300سے زائد کمپنیاں شریک ہیں ،چین، ملائیشیا، ترکی، ایران کی کمپنیاں اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

نمائش کے کنوینر عبدالرحیم چغتائی نے مہمانوں کو اسٹالز کا دورہ کرایا۔چیئرمین چائنا ڈائی اسٹفز انڈسٹری ایسوسی ایشن مسٹر شی ژیان پنگ بھی نمائش میں شریک ہوئے ۔ ایونٹ آرگنائزر اور ڈائریکٹر، ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے بریفنگ دی ۔ نمائش کنندگان اپنی مہارت، جدید ترین ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں، نمائش آج (اتوار )25اگست کی شام تک جاری رہے گی۔