سردار ایاز صادق 53

یوم تاسیس دراصل کشمیری عوام کی آزادی کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آزاد جموں و کشمیر کے 78 ویں یوم تاسیس پر شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا ۔

جمعہ کو یہاں سے جاری ایک پیغام میں انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ یوم تاسیس دراصل کشمیری عوام کی آزادی کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، کشمیری عوام کی تحریک آزادی کیلئے غیر متزلزل جدو جہد قابل ستائش ہے، کشمیری عوام نے تحریک آزادی کشمیر میں لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، کشمیر کی آزادی پاکستان کی تکمیل آزادی کا حصہ ہے، کشمیری عوام سات دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کا امتحان ہے، کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں، کشمیری عوام بھارتی افواج کے ظلم و جبر کے باوجود اپنے حق سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کو روکنے کے لیے موثر کردار ادا کرے، پاکستان کی پارلیمان اور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، یوم تاسیس ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ آزادی، قربانی اور جدوجہد کا تسلسل کبھی نہیں رکتا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور کشمیری عوام آزاد فضا میں اپنی زندگیاں بسر کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں