یورپی یونین

یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف کا اسرائیل سے سیاسی تعلقات ختم کرنے پر غور

برسلز(رپورٹنگ آن لائن)یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل نے اسرائیل سے سیاسی تعلقات ختم کرنے پر غور شروع کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل نے یورپی وزرائے خارجہ کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے۔

جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق پر خدشات دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی شق کے تحت اسرائیل سے سیاسی تعلقات ختم کرنے کی قرارداد پیش کروں گا۔دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی جانب سے امدادی سامان کی تقسیم کے فورا بعد اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کی پناہ گاہوں پر حملہ کر دیا۔

گزشتہ شب کے اختتام تک اسرائیلی فورسز کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 64 جبکہ لبنان میں 28 ہو گئی تھی۔اقوامِ متحدہ کے امدادی سربراہ کا کہنا تھا کہ دنیا غزہ میں سنگین ترین بین الاقوامی جرائم کی کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہی ہے۔