لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت کی جانب سے یورالوجسٹ ڈاکٹر شبیر حسین کو دئیے گئے شوکاز کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے معروف یورالوجسٹ ڈاکٹر شبیر حسین کی جانب سے محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ شوکاز نوٹس کو چیلنج کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار ڈاکٹر شبیر حسین کے وکیل نے موقف اپنایاکہ انہیں مبینہ کرپشن کے الزامات پر متعدد انکوائریوں میں ملوث کیا گیا ہے جبکہ سپیشل سیکرٹری صحت نے ان کو برطرفی کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
سپیشل سیکرٹری صحت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اختیار نہیں تھا اس لیے اس نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا تاہم عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔









