سفیر محمد آل جابر 43

یمن میں حکومتی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ایک ارب ریال کی سعودی مالی گرانٹ

صنعا(رپورٹنگ آن لائن)یمن میں سعودی سفیر محمد آل جابر نے بتایاہے کہ تقریبا 1.3 بلین سعودی ریال کی نئی سعودی امداد یمنی وزارت خزانہ کے لیے ایک براہ راست مالی گرانٹ کی صورت میں دی گئی ہے۔

اس امداد کا مقصد آپریٹنگ اخراجات، تنخواہوں کی ادائیگی اور مالی سال 2026 کے لیے حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ارب ریال سے زائد کی اس مالی امداد سے یمنی حکومت کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ آل جابر نے زور دیا کہ ریاض یمن میں معاشی اور مالی استحکام کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے خصوصی گفتگو میں مزید کہا کہ اس نئی مالی گرانٹ کا مقصد جامع معاشی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ سرکاری نقد بہا کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے اور عوامی مالیاتی انتظام کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے جو مالیاتی استحکام کے تصور کو راسخ کرے گی اور ملک کی بحالی کے راستے میں معاون ہوگی۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ یمن میں جن سعودی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا ان میں سے اکثر پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کو ملنے والی حالیہ سعودی مالی امداد یمنی حکومت کے لیے براہ راست مالی گرانٹ کے فریم ورک کے تحت ہے۔اسی تناظر میں آل جابر نے مزید کہا کہ پچھلی مالی گرانٹ، جس کی مالیت تقریبا 90 ملین ڈالر تھی، گزشتہ سال کی تنخواہوں کی مد کے لیے مختص کی گئی تھی اور اس نے گزشتہ سال کے بجٹ میں فنڈنگ کے خلا کو پر کرنے میں مدد دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئی یمنی حکومت پر بھروسہ کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں