صنعاء (رپورٹنگ آن لائن)یمن کے صدر عبدربہ منصور ہادی نے دو اہم فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یمن کے نائب صدر علی محسن الاحمر کو برطرف کر دیا ہے۔مزید یہ کہ ملک میں ایک پریذیڈینشل لیڈرشپ کونسل تشکیل دے کر صدر کے تمام اختیارت کونسل کے حوالے کر دیے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جاری صدارتی بیان میں واضح کیا گیا کہ نئی صدارتی کونسل پوری عبوری مدت میں ریاست کے سیاسی ، عسکری اور سیکورٹی انتظامی امور سنبھالے گی۔ صدارتی کونسل فائر بندی کے حوالے سے حوثیوں کے ساتھ مذاکرات کی بھی ذمے داری نبھائے گی۔
صدارتی کونسل 8 ارکان پر مشتمل ہے۔ اس کے سربراہ رشاد محمد العلیمی ہیں۔ کونسل کے دیگر ارکان میں سلطان العرادہ، طارق صالح، عبدالرحمن ابوزرعہ، عبداللہ العلیمی، عثمان مجلی، عیدروس الزبیدی اور فرج البحسنی ہیں۔عبدربہ منصور ہادی کے مطابق صدارتی لیڈرشپ کونسل کی تشکیل عبوری مرحلے کی ذمے داریوں پر عمل درامد کی تکمیل کے لیے عمل میں آئی ہے۔
ہادی نے کہا کہ وہ آئین اور خلیجی منصوبے کے تحت اپنے تمام اختیارات کونسل کو سونپ رہے ہیں۔صدارتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدارتی کونسل کی سپورٹ اور مدد کے لیے 50 ارکان پر مشتمل ایک اتھارٹی برائے مشاورت و مصالحت بنائی جائے گی۔صدارتی لیڈرشپ کونسل کی مدت جامع سیاسی حل اور پورے یمن میں مکمل امن کے استحکام پر پوری ہو گی۔ اس میں نئے آئین کے مطابق انتخابات کا اجرا اور ملک میں نئے صدر کا تقرر شامل ہے۔







