لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی آن سکرین خوبصورت جوڑی یمنیٰ زیدی اور وہاج علی نے ترکیہ میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔
گزشتہ برس 2023 میں نجی ٹی وی پر نشر ہونے والا بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل “تیرے بن” پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک میں بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا، اس ڈرامے میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی جوڑی کو بین الاقوامی سطح پر خوب پذیرائی ملی۔
ڈرامہ سیریل”تیرے بن” نے مقبولیت کے بڑے ریکارڈ توڑتے ہوئے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 3 بلین سے زائد ویوز بھی حاصل کیے جبکہ ڈرامے کی کامیابی نے یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کو بھی بین الاقوامی سٹار بنا دیا۔بھارت اور بنگلہ دیش میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب یہ ڈرامہ ترکیہ میں بھی کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے جا رہا ہے، یمنیٰ زیدی اور وہاج علی اپنی شاندار آن سکرین کیمسٹری کے ذریعے ترک مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ڈرامے کی ہیروئن اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے ایک سکرین شاٹ شیئر کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تْرک مداح یمنیٰ اور وہاج کی متاثر کْن پرفارمنس کو خوب پذیرائی بخش رہے ہیں۔