کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو رنگوں کے تہوار ہولی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کی روایات پاکستان کی متنوع ثقافت کا مظہر اور معاشرتی ہم آہنگی کی بہترین عکاسی کرتی ہیں، اپنے خصوصی تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک بیش قدر اور اٹوٹ انگ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی، سماجی استحکام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے،
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستِ پاکستان کا آئین بلا تفریقِ رنگ و نسل، مذہب اور عقیدہ تمام شہریوں کو برابر کے انسانی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان تمام اقلیتوں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ موجودہ دور کی نفسا نفسی میں بین المذاہب مکالمے، تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور باہمی احترام کے کلچر کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کے ساتھ ایک پرامن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کی جانب کاوشیں تیز کی جا سکیں،
انہوں نے ہندو برادری کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خوشیوں کے یہ رنگ تمام پاکستانیوں کے درمیان محبت اور اخوت کے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔








