خیبر پختونخوا 18

ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 3 اہلکار شہید

ہنگو/اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں گزشتہ رات ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی کارروائی کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے رات کے اندھیرے میں قاضی طالب چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔حملے کے جواب میں ہنگو کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خان زیب محمد کی قیادت میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔بیان کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیر لیا اور دشمن کے سامنے سینہ سپر ہوکر مقابلہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے حملہ ناکام بنایا، تاہم کارروائی کے دوران ہیڈ کانسٹیبل وحید شاہ، ہیڈ کانسٹیبل حکمت خان اور عبدالصمد شہید ہو گئے۔سی ٹی ڈی کے بیان میں کہا گیا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک شدید لڑائی جاری رہی اور دہشت گردوں کے کئی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد رات کی تاریکی اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے، تاہم، تلاش اور کارروائی کے دوران ایک مسلح دہشت گرد کی لاش برآمد ہوئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، اور اس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں