ڈاکٹر فہیمدہ مرزا

ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کھیلوں کا ایک دفعہ پھر سے احیاءہو ،ڈاکٹر فہیمدہ مرزا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کھیل و ثقافت ڈاکٹر فہیمدہ مرزا نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کھیلوں کا ایک دفعہ پھر سے احیاءہو‘ ہاکی اور اتھیلیٹس میں ماضی میں پاکستان نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں دوبارہ نوجوانوںکو موقع فراہم کررہے ہیں کہ وہ اپنا ٹیلنٹ آزمائیں اور پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چھ دسمبر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کامیاب نوجوان سپورٹس گالا کا افتتاح کریں گے۔ ملک کی بارہ یونیورسٹیوں میں مختلف سپورٹس اکیڈمیاں بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو زندگی کے ہر موڑ پر ترقی کے لئے رستہ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں پاکستان ایتھلیٹس اور سپورٹس میں نمایاں مقام رکھتا تھا۔ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان دوبارہ کھیلوں کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ اس سلسلے میں وزارت بین الصوبائی رابطہ نوجوانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور نواجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چھ دسمبر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں سپورٹس گالا کا افتتاح کریں گے جس میں مرد کھلاڑیوں کے لئے بارہ اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے دس ایونٹس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں لاہور‘ فیصل آباد‘ حیدر آباد‘ کراچی میں مختلف سپورٹس اکیڈمیاں بنائی جارہی ہیں جن میں کبڈی‘ ہاکی‘ فٹبال‘ جوڈو کراٹے سمیت دیگر کھیلوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے روزگار فراہم کرنے کے لئے الگ سے پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن کا جلد ہی اعلان کردیا جائے گا۔