اسد قیصر

ہم پر 9 مئی کے بعد بہت ظلم ہوئے، خاندان کو بچانے کے لیے امریکا بھجوادیا تھا، اسد قیصر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما، سابق اسپیکر برائے قومی اسمبلی اسد قیصر نے انکشاف کیا ہے کہ اْن کا خاندان 9مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے بیرونِ ملک مقیم ہے، اْن پر 9 مئی کے بعد بہت ظلم ہوئے جن کے پیشِ نظر انہوں نے اپنے خاندان کو ٹارگیٹ ہونے سے بچانے کے لیے امریکا بھجوادیا تھا۔

سینئر سیاسی رہنما اسد قیصر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میری ایک اہلیہ ہے، میری شادی خاندان کی پسند سے ہوئی تھی، اسد قیصر کے مطابق اْن کے چار بچے، دو بیٹے اور بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو سیاست میں آنے کا شوق ہے مگر اْن کا ماننا ہے کہ فی الحال بچوں کو اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔اسد قیصر نے پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان کی جانب سے ماہانہ کمائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھی جواب دیا۔

اسد قیصر نے کہاکہ میری جتنی ماہانہ کمائی اتنے ہی میرے خرچے بھی ہیں، گھر اور باہر ملازم بھی ہیں اور اْن کی تنخواہیں بھی ہیں، میرا مرکزی کمائی کا ذریعہ اسکولنگ سسٹم ہے۔اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ اگر اس وقت میرا بینک اکاؤنٹ دیکھا جائے تو اْس میں صرف 4 سے پانچ لاکھ ہی موجود ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسد قیصر نے بتایا کہ ایک ایم این اے کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایم این ایز کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق زیرِ گردش خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔