بابر اعظم

ہم سے غلطیاں ہوئیں، ملتان ٹیسٹ جیت سکتے تھے،بابر اعظم

ملتان(رپورٹنگ آن لائن)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ہم ملتان ٹیسٹ جیت سکتے تھے۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا ہم نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی اور چند کھلاڑیوں نے اپنی وکٹیں گنوائیں تاہم دوسری اننگزمیں ہم نے بولنگ میں اچھی فائٹ کی لیکن بدقسمتی سے اچھا فنش نہیں کر سکے۔بابر اعظم نے کہاکہ دوسری اننگز میں بیٹرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا، امام اور سعود شکیل اور پھر سعود اور نواز کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئیں، ٹیل اینڈرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا لیکن فنش نہ کر سکے۔انہوںنے کہاکہ سعود شکیل کا آٹ ہمیں مہنگا پڑ گیا، ہمیں لگا کہ بال زمین کے ساتھ ٹچ ہوا ہے تاہم امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور امپائر کا فیصلہ آخری فیصلہ ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہم سے ٹیسٹ میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں، ہم جیت سکتے تھے، ہم آسٹریلیا کے خلاف اور اب پھر اچھا فنش نہیں کر پائے، ہمیں اچھا فنش کرنا چاہیے تھا۔ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کے حوالے سے بابر اعظم نے کہاکہ اس کا بہت ہی شاندار آغاز ہوا ہے، ابرار نے کنڈیشنز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت اچھی بولنگ کی، اس کے لیے یہ ٹیسٹ ابرار کیلئے یادگار رہے گا۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کراچی ٹیسٹ میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں اس ٹیسٹ میں ہوئیں انہیں نہ دھرایا جائے۔یاد رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔