راجہ پرویز اشرف

ہمیں نفرتوں کے بجائے محبت، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے،راجہ پرویز اشرف

گوجر خان(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی ترقی،خوشحالی اور دفاع کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی، اور رواداری وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔

وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن راجہ رمضان مرحوم کے ایصالِ ثواب کی ایک روح پرور محفل سے خطاب کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں راجہ پرویز اشرف نے مرحوم راجہ رمضان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے بھائیوں کی طرح عزیز تھے اور پارٹی سے عشق کی حد تک لگا رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا فانی ہے، ہر انسان نے ایک دن اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے،اس لیے ہمیں نفرتوں کے بجائے محبت، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے، یہی اصل انسانی اور قومی کامیابی ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور بقا کی علامت ہے،یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں، اسی سے ہماری عزت وابستہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ وطن کے خلاف باتیں کرتے ہیں یا کسی بھی قسم کی سازشوں میں ملوث ہوتے ہیں، وہ کسی صورت وفادار نہیں ہو سکتے۔

راجہ پرویز اشرف نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا افواجِ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ پاکستانی قوم دشمن کے ہر وار کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، اور جمہوری تسلسل ہی وہ راستے ہیں جو پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ ریاست بنا سکتے ہیں۔