اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ عوام پر ایک بڑا معاشی بوجھ ہے۔محمد ہمایون خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوسناک اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہے،اس اضافے کے نتیجے میں مہنگائی کی نئی لہر آئے گی جس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھیں گی اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کا شکار ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔محمد ہمایوںخان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف عوام بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوگا، عوام دوست پالیسیوں کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔








