جام کمال خان

ہمارے مزدور قومی ترقی کے اصل محرک ہیں ،وزیر تجارت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہاہے کہ ہمارے مزدور قومی ترقی کے اصل محرک ہیں ،ہم جامع اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یومِ مزدور کے موقع پر میں اْن محنتی مردوں اور عورتوں کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی انتھک کاوشیں ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔انہوںنے کہاکہ محنت کا وقار ایک مضبوط اور خوشحال قوم کی بنیاد ہے، ہمارے مزدور، چاہے وہ صنعت، زراعت، تجارت یا خدمات کے شعبے سے وابستہ ہوں، قومی ترقی کے اصل محرک ہیں۔

انہوںنے کہاکہ وزارتِ تجارت اس بات پر کاربند ہے کہ ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ہو، باعزت روزگار اور منصفانہ تجارت کے مواقع میں اضافہ ہو۔انہوںنے کہاکہ ہم جامع اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ کیا جا سکے.

مقامی صنعتوں کو فروغ دیا جا سکے، اور برآمدی صلاحیت کو وسعت دی جا سکے جس کا براہِ راست فائدہ ہمارے مزدور طبقے کو پہنچے گا۔انہوںنے کہاکہ آئیے ہم سب پاکستان بھر کے ہر مزدور کے لیے مساوات، انصاف اور احترام کی اقدار کو ایک بار پھر اپنا عزم بنائیں۔