حافظ نعیم الرحمان

ہماری سیاست انصاف پر قائم ہے‘ جماعت اسلامی اپنے اصولوں پر کھڑی ہے،حافظ نعیم الرحمن

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن )امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری سیاست اور انصاف پر قائم ہے‘ جماعت اسلامی اپنے اصولوں پر کھڑی ہے اور ہمیشہ امانت اور دیانت کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کرتی رہے گی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹریڈرز ونگ جماعت اسلامی فیصل آباد ڈویژن‘ سابق صدر FCCI رانا محمد سکندراعظم اور سابق سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ کے شرکاءسے کیا‘ عشائیہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی صدر جماعت اسلامی جاوید قصوری‘ ضلعی امیر محبوب الزمان بٹ‘ شیخ مشتاق‘ طاہرایوب‘ حاجی عابد‘ میاں لطیف‘ حاجی اسلم بھلی‘ ڈاکٹر سجاد ارشد‘ شیخ عاطف منیر‘ خواجہ امجد‘ علامہ عدیل یوسف‘ شبیر حسین چاولہ‘ رضوان اشرف‘ رانا احتشام جاوید‘ وحید رامے‘ صداقت حسین لودھی‘ چوہدری حبیب الرحمن‘ شبیر احمد‘ رانا فیاض‘ میاں ریاض الحق‘ میاں ریاض‘ ایوب صابر‘ میاں کاشف ضیائ‘ چوہدری نواز‘ شیخ امتیاز‘ میاں تنویر‘ طلعت گجر‘ میاں آفتاب‘ خورشید طاہر‘ خالد حیاب کموکا‘ رانا اکرام اللہ خاں‘ حاجی محمد یونس‘ خوشنود پاشا و دیگر صنعت کاروں تاجروں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی‘

انہوں نے کہا کہ ہم پر بے رحم لوگوں کو مسلط کر دیا گیا ہے جنہیں عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی لینا دینا نہیں‘ جب تک وہ حکومت ہیں مظلوم پاکستانی عوام پر حکمرانی کریں گے اور حکومت سے نکلتے ہی وہ پاکستان سے بھاگ جائیں اور بے چاری عوام دہائیاں دیتی رہے گی‘ انہوں نے کہا کہ آج ہر صنعت کار سے لے کر عام آدمی تک پریشان اور مایوس نظر آ رہا ہے‘ ناقص حکومتی پالیسیوں نے انڈسٹری کو تباہ کر دیا ہے‘ پاکستانی سرمایہ کار اپنا سرمایہ بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں اور ہمارے لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں‘ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہوش کے ناخن لو‘ پاکستانی عوام پر ترس کھاﺅ‘ بجلی سستی کرو‘ ٹیکسز کم کرو اور یوٹیلٹی بلز کم کرو تاکہ عوام بھی سکھ کا سانس لے سکے‘انہوں نے کہا کہ 26جولائی کو اسلام آباد میں پرامن دھرنا ہو گا‘

احتجاج ہمارا آئینی‘ جمہوری اور سیاسی حق ہے‘ آپ لوگ دھرنے میں شرکت کر کے حکومتی پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ حکومت اپنا قبلہ درست کرے‘ عشائیہ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے میزبان صدر ٹریڈرز ونگ جماعت اسلامی فیصل آباد ڈویژن‘سابق صدر FCCI رانا محمد سکندراعظم اور سابق سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف نے کہا کہ پاکستانی عوام جماعت اسلامی کی قیادت کو نیک اور صالح سمجھتی ہے مگر جب ووٹ دینے کا وقت آتا ہے تو مفادات آڑھے آ جاتے ہیں اور اپنا ووٹ پھر انہیں بے رحم لوگوں کو دیتے ہیں اور بعد میں پانچ سال تک مہنگائی‘ بیروزگاری‘ اقربا پروری‘ لاقانونیت کی دہائیں دیتی ہے‘ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 77 سالوں سے آپ لوگوں نے سب پارٹیوں کو آزما لیا انہوں نے سوائے مایوسیوں اور پریشانیوں کے قوم کو کچھ نہیں دیا‘ ایک موقع جماعت اسلامی کو بھی ملنا چاہئے‘ ہمیں یقین ہے کہ جماعت اسلامی کے قائدین اپنی فہم و فراست اور امانت اور دیانت کے ساتھ قوم کی تقدیر بدل دے گی اور اقوام عالم میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلائے گی۔