عباس عراقچی 72

ہماری ایٹمی تنصیبات کو نقصان پہنچا تاہم ہماری ٹیکنالوجی اب بھی برقرار ہے،ایران

تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ جون میں تہران کی ایٹمی تنصیبات کو امریکی حملوں میں نمایاں نقصان پہنچا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی ایٹمی ٹیکنالوجی اب بھی برقرار ہے۔عراقچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حملوں سے کئی ماہ قبل ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کے لیے خصوصی امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ ان کے ملک کا سب سے پہلا اور بنیادی مسئلہ ایران کی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش ہے۔ روبیو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ واحد مسئلہ نہیں ہے، بلکہ ایرانی حکومت کے ساتھ ہمارا مسئلہ دہشت گردی کی حمایت اور اپنے عوام کے ساتھ ان کا سلوک بھی ہے۔

ایرانی حکام نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، تاہم ان کا دعوی ہے کہ وہ پر امن مقاصد کے لیے ایٹمی علم کے حصول اور یورینیم کی افزودگی سے روکنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں