مریم نواز شریف 16

ہر پاکستانی آج تعمیرِ وطن میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرے،مریم نواز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزادی کے دن ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں، قیامِ پاکستان، تعمیرِ پاکستان اور تحفظِ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستانی قوم کے ہر فرد کو سلام پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والی افواجِ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور جانباز سپاہیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو بھی یومِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے دن ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی، حکومت آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتی ہے، ان کے مطابق اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساسِ ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے، نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے، وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں، ان کے مطابق طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا احساسِ ذمہ داری اور تاجر کی دیانتداری بھی حقیقی حب الوطنی کے مظاہر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں