امیر مقام 90

ہری پور میں مسلم لیگ (ن )کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے صوبے کے لوگ وہاں کی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں،امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخواانجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہری پور انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے لوگ وہاں کی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں،بہت سے لوگ دوسری جماعتیں چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو رہے ہیں،پشاور جلسہ میں عوام نے شرکت نہ کرکے شرارتی ایجنڈا مسترد کردیا۔

بدھ کو یہاں کشمیر کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے جماعت میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن )میں نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ کوہاٹ سے سابق صوبائی وزیر سید قلب حسن اور خوشدل خان شامل ہوئے جن کا ایک اپنا نام ہے،نئے افراد کو شامل کرنے میں بہرامند تنگی کا کلیدی کردار ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اپنی پارٹی اور لیڈر شپ کی طرف سے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ہماری سیاست عوامی ہے صوبے کی بہتری کے لیے ٹیم ورک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ دوسری جماعتیں چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو رہے ہیں،کچھ لوگوں نے عوام کو گمراہ کیا،12 سال سے وہی لوگ حکمرانی کر رہے ہیں،ان لوگوں کا اپنا ایجنڈا ہے،خوش آئند بات ہے کہ سارے معاملات واپس ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ہری پور کے انتخابات میں لوگوں نے پیغام دیا کے شرارتی ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا خیال تھا کے پشاور کے جلسے میں عوام کا سمندر ہوگا،یہ جلسہ مکمل طور پر فلاپ ہوگیا، لوگوں نے اس ایجنڈے کو مسترد کر دیا،افواج پاکستان اور پولیس کی شہادتیں ہو رہی ہیں تاہم ان لوگوں کو احساس ہی نہیں،تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی ترجمان بنی ہوئی ہے۔

ا نہوںنے کہاکہ تحریک انصاف دہشت گردوں کی آلہ کار بنی ہوئی ہے،کیا اپنے ملک کے معاملات کو انڈیا کے چینل کا حصہ بنانا چاہیے،ملاقات کیلئے ایک طریقہ کار ہے،شاہراہوں پر ناٹک کرنا کس کا ایجنڈا ہے،انڈین چینل مقبوضہ کشمیر کی طرف کیمرہ کریں تو پتا چل جائے گا،ان حالات میں ریاست کے اندر ریاست کی کوئی گنجائش نہیں۔امیر مقام نے کہا کہ افغانستان میں لوگوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں جانا ہے،ریاست ایک ہی ہوگی صرف پاکستان کی۔انہوں نے کہا کہ فوج کو بدنام کرنے کے لیے ان لوگوں نے بہت محنت کی،9 مئی کو کور کمانڈر کا گھر جلایا گیا،10 مئی کو افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہم آپ کے محافظ ہیں،ہماری فوج نہ ہو تو انڈیا ہمیں دو دن میں فارغ کر دے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے لیڈر کے لیے بات کرنا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے،آپ برداشت کریں ملک کو تباہ نہ کریں یہ کسی صورت قابل قبول نہیں،کوئی آپشن نہیں ہوگا تو آئینی راستہ تلاش کریں گے۔امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا حالت جنگ میں ہے اس پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے،انڈیا اور افغانستان کی ترجمانی کے بجائے پاکستان کی ترجمانی کریں،خیبرپختونخوا کے وسائل سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے ہیں یہ لوگ جلسے کر رہے ہیں،ہمارے جلسوں میں دھماکے ہوتے ہیں،یہ چیزیں قابل قبول نہیں ،فیصلہ کرنا ہوگا پاکستان کے ساتھ رہنا ہے یا دشمن کا آلہ کار بننا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف والے کہتے ہیں کے مینڈیٹ ہمارے ساتھ ہے، مینڈیٹ عوام کی بہتری کے لئے ہے، اڈیالہ کے باہر بیٹھنے کے لیے نہیں ،ہماری خواہش ہے کہ انتخابات کے ذریعے تحریک انصاف کو شکست دی جائے،گلگت بلتستان میں اس وقت نگران حکومت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں