لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم فیضان کی درخواست ضمانت پر مدعیہ کی عدم پیشی اور مشکوک دستخطوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ملزم فیضان کی ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کی ۔ملزم کی جانب سے خالد نوید ڈار ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم پانچ سال سے جیل میں ہے ۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس مقدمے کی مدعیہ خود کدھر ہے ،کیا مدعیہ کو نوٹسز کی پولیس نے تعمیل کروائی تھی ۔ پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ جی مدعیہ کو نوٹسز پر تعمیل کروائی تھی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تعمیل کہاں پر کروائی کوئی مدعیہ کے دستخط ہے ،مدعیہ کے دستخط درخواست اور استغاثہ کے ساتھ میچ نہیں ہوتے ، پولیس کے کارناموں کا پہلے سے پتہ ہے ،اس کیس میں سی سی پی او لاہور ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ۔عدالت نے آئندہ ہفتے سی سی پی او لاہور کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔








