جوڈیشل الاؤنس 65

ہائیکورٹ نے میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے 50دکانداروں کو بے دخل کرنے سے روکدیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کی جانب سے 50دکانداروں کو بے دخل کرنے اور ان کی دکانیں گرانے کے اقدام کو تاحکم ثانی روک دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ شوکاز نوٹس کے بغیر کی گئی کارروائی کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے ہمایوں پرویز بٹ سمیت دیگر دکانداروں کی درخواست پر سماعت کی۔ دکانداروں کی جانب سے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار گزشتہ پچاس سال سے اپنی دکانوں کا مکمل کرایہ بروقت ادا کرتے آ رہے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں بلاجواز بے دخل کرنے اور دکانیں گرانے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ ضلعی انتظامیہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے دکانداروں کو کاروبار سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ ضلعی انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد انتظامیہ کو حکم دیا کہ تاحکم ثانی دکانیں نہ گرائی جائیں اور نہ ہی دکانداروں کو بے دخل کیا جائے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ اگر قانونی ضوابط مکمل نہ کیے گئے تو درخواست گزار دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں