رائے ونڈ( رپورٹنگ آن لائن)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین رائے ونڈمیں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات کو میڈلز اور ڈگریاں دی گئیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر ،ڈائریکٹر کالجز احسن مختار تھے۔تقریب میں طالبات ،اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر اور ڈائریکٹر کالجز احسن مختارنے کامیاب طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
انہوں نے کامیاب طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پڑھی لکھی عورت کسی بھی کامیاب معاشرے اور قوم کی اساس ہوتی ہے ،تعلیم کے ذریعے خواتین تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔ملک افضل کھوکھر نے رائے ونڈ کالج کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میری کوشش ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جائے.
وزیر اعلی پنجا ب مریم نواز کے وژن کے مطابق خواتین کی عزت وتکریم میں اضافے کے یساتھ انہیں باعزت اور محفوظ روزگار فراہم کرنا ہے ،رائے ونڈ کالج کے تمام مسائل کو اگلے سال تک حل کردیا جائے گا،رائے ونڈ سپورٹس کمپلیکس میں رائے ونڈ کالج کی طالبات کیلئے ایک دن مخصوص ہوگا جہاں وہ اپنی غیر نصابی سرگرمیاں سرانجام دے سکیں گی۔پرنسپل کالج طلعت رحمان نے کالج مسائل کے حل کروانے کی یقین دہانی پر رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کا شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر کالج احسن مختار نے کہا کہ رائے ونڈ جیسے پسماندہ علاقے میں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کی کارکردگی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ،طالبات نے معاشرتی اور سماجی مسائل کے باجود بھرپور محنت کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی،تمام طالبات اور اساتذہ مبارکباد کی مستحق ہیں، انہوں نے کالج کے تعلیمی مسائل کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔