نہال ہاشمی 39

گورنر ہاس کا آڈٹ کرائوں گا، کراچی اور سندھ کے خلاف منفی بات نہ کی جائے،گورنرسندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ محمدنہال ہاشمی نے کہا ہے کہ گورنر ہاس کا آڈٹ کرائوں گا، کراچی اور سندھ کے خلاف منفی بات نہ کی جائے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جس مقام پر آج بیٹھا ہوں وہ میرے رہنمائوں اور کارکنوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں ہر شخص کی نمائندگی کروں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کے بارے میں منفی باتیں نہیں کی جانی چاہئیں، نواز شریف ہمیشہ تعمیری سوچ اور مثبت راستہ دکھاتے ہیں اور وہ پاکستان کے لیے جیل جا سکتے ہیں لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، سندھ میں کوئی کارروائی ہو یا کراچی کی بے امنی پر قابو پانا ہو، سب سے پہلے نواز شریف آگے آتے ہیں۔نہال ہاشمی نے اعلان کیا کہ گورنر ہائوس کا مکمل آڈٹ کرائوں گا اور عوام بھی اس بات پر نظر رکھیں کہ یہاں کتنے پیسے خرچ ہو رہے ہیں اور کہاں استعمال ہو رہے ہیں، اگر میں کوئی غلط کام کروں تو عوام اور میڈیا ضرور مجھ پر تنقید کریں، مجھے وہ لوگ بہت اچھے لگتے ہیں جو مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس مقام کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور یہاں کی خراب کرسیوں اور دیگر انتظامات کو درست کیا جائے گا، یہ جگہ دوبارہ آباد ہوگی اور ترقی کا سفر آگے بڑھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے لیے وہ اقدامات بھی یہاں نظر آئیں گے جو نواز شریف نے کیے تھے، ہم اگر کہیں کہ 6 ماہ کا کورس ہے تو 6 ماہ میں ڈگری ملے گی، پروپیگنڈا نہیں کریں گے، وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کو بھی لایا جائے گا، کل سے مستحق افراد کے لیے گورنر ہائوس میں سحری اور افطار کا انتظام کیا جائے گا، گورنر ہائوس عوام کا گھر ہے اور میں یہاں صرف ایک نگراں کی حیثیت سے موجود ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہوں یا نہ ہوں، سندھ اور کراچی ہمیشہ قائم رہیں گے اور یہ ایک کارکن کی حیثیت سے میرا عوام سے وعدہ ہے، مجھے سیاسی کارکن رہنے دو، سوشل میڈیا ویڈیو بنا کر فنکار نہیں بنائیں، میں سیاسی کارکن ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں