لاہور(زاھد انجم سے) گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن اور نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں نیورو انجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر خالد محمود، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار الفریدظفر چیئرمین بورڈ pins پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب ووہرا، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر قاسم بشیر، پروفیسر مدثر، ڈاکٹرز اور نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے نیورو انجیو گرافی کے عمل کا جائزہ لیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز نے مہمانان خصوصی کو ادارہ میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کیلئے ایک تاریخی دن ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز دماغی علاج کے حوالہ سے پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نیورو انجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ نیورو انجیو گرافی کی مشین سے زیادہ سے زیادہ عام آدمی کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ صحت اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔ہمیں عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے طب کی دنیا میں جدید ریسرچ پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ پاکستان میں چالیس سال عمر تک ہر کوئی بلڈ پریشر کا مریض بن رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں ابھی تک پانچ ہزار سے زائد مریضوں کی پرائمری انجیو پلاسٹی کرچکے ہیں۔
پنجاب میں ڈرپ اینڈ شفٹ کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ ڈاکٹرز ہمارے معاشرے میں بطور مسیحا اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہمیشہ صحت کے شعبہ کو اپنے دل کے قریب رکھا۔گورنر پنجاب نے کہاکہ ڈاکٹر بشیر مرحوم نے ہمیشہ خدمت انسانیت کی ہے۔ڈاکٹر بشیر کے دونوں سپوت آصف بشیر اور قاسم بشیر پاکستانیوں کی خدمت کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ بیرون ممالک میں پڑھنے والے پاکستانیوں میں ہمیشہ اپنے وطن کی خدمت کرنے کا جذبہ پایا ہے۔ بطور مسلمان ہمیں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ہم حقائق سے برعکس سنی سنائی باتوں پر یقین کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ ہمیں اچھی زندگی گزارنے کیلئے ہمیشہ دوسروں کی اچھائیوں کو بیان کرنا چاہیئے۔آج پاکستان بہت بڑے بحران سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔ملک میں ایک جانب تعمیری اور دوسری جانب تخریبی سیاست ہو رہی ہے۔آج ہم نے صحیح اور غلط میں فرق کرنا ہے۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں شہداء کا بڑا مقام ہے۔9 مئی کا دن شرمندگی کا سامنا کرنے کا دن تھا۔