کامران ٹیسوری 39

گورنر سندھ نے پی ٹی آئی اوورسیز کا بیانیہ نفرت انگیز اور دہشت گردی قرار دے دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں کراچی کے مسائل اور وفاقی پیکج برائے کراچی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی پیکج پر وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔گورنر سندھ نے لندن میں پی ٹی آئی کی جانب سے فیلڈ مارشل کے حوالے سے کی گئی مبینہ شرانگیز گفتگو پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف نفرت انگیز رویہ پی ٹی آئی اوورسیز کی جانب سے مسلسل پھیلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب نو مئی کے واقعات سے پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ نہ ہوا تو اب ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں، جو دہشت گردی اور اوورسیز پاکستانیوں کو اکسانے کے زمرے میں آتے ہیں۔کامران ٹیسوری نے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت اس معاملے کی فوری انکوائری کرائے اور یہ دیکھا جائے کہ کون لوگ برطانیہ کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کہا کہ برطانیہ اپنی زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔گورنر سندھ نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نفرت انگیز اور شرانگیز سرگرمیوں سے دور رکھیں اور ایسے پروپیگنڈے کا حصہ نہ بننے دیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور اب وہ مایوسی میں اس قسم کی حرکتیں کر رہی ہے، جس کی ہم سب شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں