کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، تجارتی و سفارتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنرسندھ نے ڈپٹی ہائی کمشنر کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تعلیم، تجارت اور سماجی ترقی کا اہم شراکت دار ہے۔
ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے کہا کہ پاکستان میں گزارا وقت ہمیشہ یادگار رہے گااس دوران دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہائی پرکشش اور سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے مزید کہا گورنر انیشیٹو کے تحت جاری آئی ٹی کلاسز کا انعقاد ایک قابل ستائش اقدام ہے۔
اس سے قبل جب برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی گورنرہائوس پہنچی تو انہیں گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر نے گورنرہائوس میں پرچم کشائی کی اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ ڈپٹی ہائی کمشنرنے گورنرہائوس میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔