سلمان اکرم راجہ 50

گزشتہ چار برسوں میں کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوسکی، معیشت مسلسل تنزلی کا شکار ہے، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ انصاف ہاؤس کراچی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیے ملک کی معیشت سب سے زیادہ اہم ہے، کیونکہ جب معیشت چلتی ہے تو غریب کا چولہا جلتا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما آفتاب جہانگیر، ایڈووکیٹ شجاعت ایڈوکیٹ، ایڈووکیٹ، ظہور محسود، ذوالفقار ملاح ،معظم خان، ، رانا اعظم، محمد علی بلوچ ، فوزیہ صدیقی،ایڈووکیٹ خان زمان سیکریٹری، نوید عالم صدیقی، اکمل آفریدی، ولید ہاشمی، شیر اعظم ڈومکی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی سرمایہ دار طبقے کی نہیں بلکہ غریب عوام کی جماعت ہے، اور اس کا نظریہ غریب پروری پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت ہے مگر آج کسان شدید مشکلات کا شکار ہے اور اسے اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔ اگر معیشت مستحکم ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا، اور اسی مقصد کے لیے پی ٹی آئی ہر محنت کش اور کسان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہے، عدالتوں کی آزادی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، شہریوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا جا رہا ہے، کراچی سے 431 افراد کو فروری میں اٹھائے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، انہوں نے کہا کراچی میں راجہ اظہر، فہیم خان ، ایم پی اے واجد حسین کو گرفتار کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میڈیا سچ دکھائے تو صحافیوں کو ملازمتوں سے محروم کر دیا جاتا ہے، جو ایک جمہوری معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔انہوں نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستیں اور ملک بھر سے 180 نشستیں چھینی گئیں اور ہمیں مخصوص نشتوں سے بھی محروم کیا گیا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کے آئینی حقوق، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی اور معیشت مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو منصفانہ بنانا ہوگا اور تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے بجائے شاہ خرچیوں پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں پنجاب کی وزیر اعلی نے اربوں کو جہاز خریدا اور اس کی دیکھ بحال کے لئے ماہانہ کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں دوسرے کا کفایت شعاری کا درست دینے سے پہلے انکو خود عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم اور صحت جیسے شعبے صوبوں کی ذمہ داری ہیں، جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے، مگر بدقسمتی سے خیبرپختونخوا کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا۔ 2021 میں نیا این ایف سی ایوارڈ آنا تھا جو تاحال نہیں آیا، اور سالانہ 170 ارب روپے کے فنڈز بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا گزشتہ روز پشاور میں اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس آئینی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے چلائی جائے گی اور ہر پاکستانی کو اس میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور سرحدوں پر تعینات ہر سپاہی کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرتا ہے تو یہ خوش آئند بات ہے۔ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کو انہوں نے سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پانڈ کیس اور توشہ خانہ کیس بے بنیاد ہیں، اور جب عدلیہ آزاد ہوگی تو انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے زراعت کو تباہ کر دیا ہے، کسانوں کے پانی پر بھی حملے کیے گئے اور سندھ و پنجاب جیسے زرعی صوبوں میں کاشتکاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہ جب سندھ کے پانی کی تقسیم کی بات کی گئی تو سب سے پہلے پی ٹی آئی نے سندھ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر آواز بلند کی اب کاشتکاروں کو اس کا حق نہیں دیا جارہا ہم کسانوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ذلفی بخاری اور قاسم خان نے کسی رہنما سے ملاقات نہیں کی ہے بے بیادی الزامات لگائے گئے ہیں پی ٹی آئی بھارت کے کسی بیانیے کا حصہ نہیں اور نہ ہی کسی بھارتی رہنما سے ملاقات کے الزامات میں کوئی صداقت ہے۔ جنہوں نے یہ الزام لگایا ہے ان کے خلاف ہم قانونی چارہ جوئی کریں گے ان وزرا کو لیگل نوٹس بھجوائیں گے۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قاسم خان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، ان کی تقریر سوشل میڈیا پر موجود ہے جس میں کوئی متنازع بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف جی ایس پی پلس کے خلاف نہیں بلکہ اس کے ساتھ کھڑی ہے، کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جس میں انسانی حقوق کی پاسداری کی شقیں شامل ہیں۔

سوال یہ ہے کہ کیا ریاست پاکستان اپنے شہریوں کو وہ بنیادی حقوق فراہم کر رہی ہے جن کی ضمانت آئین دیتا ہے؟اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کے نظریے کے لیے ہر قربانی دی ہے اور ملک میں عدلیہ کی آزادی اور حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد میں کھرے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کا تقریبا 65 فیصد ریونیو دیتا ہے جبکہ سندھ کا 90 فیصد ریونیو بھی کراچی سے حاصل ہوتا ہے، مگر اس شہر کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کی 18 سالہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 30 ہزار ارب روپے کا بجٹ خرچ ہونے کے باوجود کوئی ترقی نہیں ہوئی بلکہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن اور 190 ارب روپے کی گندم چوری کے اسکینڈلز سامنے آئے ہیں، جبکہ کسانوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔حلیم عادل شیخ نے کہا نااہل حکمرانوں کی وجہ مہنگائی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے ملک کی نصف آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی ہے۔ پیٹرولیم منصوعات پر بھاری لیوی ٹیکس لگا کر عوام کو لوٹا جارہا ہے موجودہ حکومت نے عوام کو کوئی رلیف فراہم نہین کیا آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی کو بوجھ عوام پر ڈالا جائے گا۔

انہوں نے کہا پی ٹی آئی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا عمران خان کی رہائی امن موومنٹ کا اعلان ہوچکا ہے سندھ بھر کی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے قوم کے عظیم لیڈر عمران خان کی رہائی، سمیت ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام سمیت آئین و قانون کی بالادستی کے لئے سندھ کی عوام اس تحریک میں شامل ہوگی۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے عوام کی آواز بنے اور حقیقی مسائل کو اجاگر کرے، جبکہ پی ٹی آئی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں