لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر صوبے بھر میںعوام کیلئے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے انتظامیہ کو ہر شہر کے چوک و چوراہوں میں سائے /شیڈ کا بھی اہتمام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہرویگن سٹینڈ،بس ٹرمینلز اورریلوے سٹیشن پر مسافروں کیلئے ٹھنڈا پانی،پنکھے اورکولر نصب کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سخت گرمی کے پیش نظر دفاتر میں آنے والے سائلین کیلئے ٹھنڈ ے پانی کا مناسب بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بہت زیادہ گرمی اورلو کے پیش نظر بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے پرہیز کرنے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ خواتین،بزرگوں اور بچوں سخت گرمی کے موسم میں خصوصی خیال رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سکول سمر کیمپ میں طلبہ اور اساتذہ کے لئے ٹھنڈا پانی،پنکھے اورایئر کولر ضرور نصب کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گرم ترین موسم کی شدت اورحدت کا مقابلہ کرنے کیلئے بچاؤ اوراحتیاط ہی مناسب تدابیر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریفک پولیس کو چلچلاتی دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلاضرورت کھڑا نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید ہدایت کی کہ بائیک پر فیملی یا بچے سوار ہونے کی صورت میں دھوپ میں روکنے سے گریز کیا جائے ۔









