کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک جامع معاشرہ بنانا ہے جہاں بلا کسی امتیاز کے ہر شخص کو قبول کرنے اور اسے مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح اور ویژن ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پی ای سی ایچ ایس میں کراچی ڈان سنڈروم پروگرام (KDSP) میں لرننگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ معاونین خصوصی سید قاسم نوید اور صادق میمن بھی تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس عظیم مقصد کا تصور میرے ذہن میں ہمیشہ سے رہا ہے مگر آج اس کی تکمیل اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں۔ مجھے ادارے کے نظم و ضبط اور اس کی کارکردگی کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ بھی دی گئی اور میں دیکھ سکتا ہوں کہ اس مقصد کے حصول کے لیے کتنی محنت اور شفقت کاماحول برپا کیا گیاہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران KDSP کی ترقی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے 1568 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی چھت کے نیچے اتنے شاندار طریقے سے ان خاندانوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنا ا یک نایاب منظر ہے جو ڈان سنڈروم سے متاثرہ بچوں کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک انوکھا تصور ہے جو کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر اعلی معیارات اور خدمات کی بدولت پاکستان میں ڈائون سنڈروم سے متاثر 300,000 ا کی آبادی کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پرامید ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہKDSPبڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید بہتر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ڈی ایس پی ڈان سنڈروم سے متاثرہ افراد کی ضروریات ، علاج، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، مہارتوں کی نشوونما، خاندان کی مدد، اور آگاہی کے شعبوں میں شمولیت کے لیے ان کی رہنمائی کر رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو ایک جامع معاشرہ بنانا ہے جہاں ہر قسم کی مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو مکمل اور آزاد زندگی گزارنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری اور وژن تھا، اس خواب کو حقیقت کاروپ دینے کے لیے ہم خود بھی کوشش کررہے ہیں اور مختلف این جی اوز /غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ مل کر کام بھی کررہے ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہKDSPٹیم کی حمایت جاری رکھیں گے اور امید ظاہر کی کہ یہ مقصد تیزی سے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مل کر ڈان سنڈروم کے شکار افراد کو ان کی شاندار صلاحیتوں کے ساتھ قومی دھارے میں ان کی شمولیت یقینی بنائیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ڈی ایس پی ایک بہترین اور اعلی ادارہ ہے جو ڈائون سنڈروم کے شکار 1568 سے زائد خاندانوں کو اعلی معیار اور سستی خدمات فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی ایس پی ابتدائی عمر سے بچوں میں(جسمانی، پیشہ ورانہ، اور اسپیچ تھراپی ) صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، افزودگی اور ہنر کی ترقی، خاندانی معاونت اور آگاہی کے حوالے سے مثبت اقدام کرتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ مختلف معذور بچوں کو بہترتربیت، تعلیم اور علاج کے ذریعے قومی دھارے میں لانا ایک بہت بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ کی قیادت میں صوبائی حکومت مختلف معذور افراد کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کے ڈی ایس پی علی اللہ والا نے کہا کہ کراچی اور دیگر شہروں سے بڑھتی ہوئی تعداد کی بدولت جسٹریشن کے عمل کے ساتھ ساتھ خدمات کی فراہمی کے لیے انتظار کی فہرستوں میں بھی اضافہ کیاگیا ہے ،
اس کے لیےKDSP نے لرننگ سنٹر بھی قائم کیا ہے یعنی ایک دوسری جدید ترین کسٹم بلٹ سہولت جو مزید خاندانوں کو خدمت فراہم کرتی ہے، اس فیکلٹی میں تعلیم اور افزودگی اور اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام رکھے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کوکے ڈی ایس ایل انسٹی ٹیوٹ کا ایک بہت ہی تفصیلی دورہ کروایا گیا تاکہ یہ دکھایا جاسکے اس مقصد کے حصول کے لیے کتنی محنت اور محبت کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔