اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ کے پی ہائوس میں رینجرز نے چھاپا مارا، یہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کو اغواء کیا گیا، گرفتار کیا گیا، یہ پورے صوبے کی توہین ہے، فوری طور پر علی امین کو چھوڑا جائے۔اسد قیصر نے کہا کہ حکومت آئین و قانون کاخیال نہیں رکھ رہی، حکومت صرف زور اور دبائوکے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کاخیال ہے کہ یہ حملہ ہوا اور بس ختم ہوجائے گا تو یہ غلط فہمی ہے، اس معاملے پر کے پی اسمبلی اجلاس جلد بلا رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ علی امین کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ اپنے فیصلے کیسے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جرات اور ہمت کے ساتھ حالات کامقابلہ کریں گے، ہم پرْامن لوگ ہیں اور کسی طور پر اپنی حقوق پر سودے بازی نہیں کریں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ترمیم زور اور زبردستی سے پاس نہیں ہوگی۔