لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ہمیں خود کو ایک آزاد ملک کے طور پر کھڑا کرنا چاہیے،پہلے کچھ لوگ کہتے تھے کہ ٹرمپ آئیں گے تو بانی پی ٹی آئی باہر آ جائیں گے.
بدقسمتی ہے ٹرمپ کی جانب سے تعریف پر ایک خوش تو ایک ناراض ہے،افغانستان میں موجودہ صورتحال کے ذمہ دار امریکہ اور مغربی ممالک ہیں، انہیں پاکستان کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے،افغانستان میں صورتحال سے پاکستان نبردآزما ہے ،یہ ہماری پیدا کردہ نہیں۔
ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی پوری دنیا میں پھیلے گی، پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف کوئی ابہام نہیں،پاکستان دہشتگردی کے خلاف بقا ء کی جنگ لڑ رہا ہے، قوم ہر روز دہشتگردی کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اور دوسرے ادارے ملک کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، مولانافضل الرحمان آئین و قانون کے دائرے میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے،حکومت نے کب ڈائیلاگ سے انکار کیا؟ ہم تو کہتے ہیں کہ کسی کو مسائل ہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ اور وہ ہمارے ساتھ ہیں،ملک کو بڑی مشکل سے ڈیفالٹ سے باہر نکالا ہے،1991کے ریکارڈ کے مطابق ہر صوبے کا پانی مقرر ہے، پنجاب اپنے حصے کے علاوہ سندھ کا ایک قطرہ پانی نہیں لیتا۔