دبئی (رپورٹنگ آن لائن)بنگلادیش اے کے خلاف رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ فائنل کے ہیرو احمد دانیال نے انکشاف کیا ہے کہ سپر اوور انہوں نے کپتان سے خود مانگا تھا۔پاکستان شاہینز کے آل راؤنڈر احمد دانیال ڈیتھ اور پھر سپر اوور میں شاندار بولنگ کرکے بنگلادیش کے خلاف رائزگ اسٹارز ایشیا کپ فائنل کے ہیرو بن گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کپتان عرفان خان نیازی سے انہوں نے خود کہا کہ بھروسہ کریں میں سپر اوور کرسکتا ہوں اور پھر اعتماد پر پورا بھی اترے۔احمد دانیال نے سپر اوور سمیت میچ میں پانچ اوورز کروائے، 17 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔اختتامی تقریب میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو انجری تھی؟ جواب میں آل راؤنڈڑ نے کہا کہ ایسے موقع پر انجری نہیں دیکھی جاتی۔
واضح رہے کہ 126 رنز کے ہدف کے جواب میں 19ویں اوور میں شاہد عزیز کے اوور میں تین چھکے لگے جس کے بعد میچ بچانا چیلنج بن گیا تھا۔آخری اوور احمد دانیال سے کروایا گیا جب 6 گیندوں پر 7 رنز درکار تھے، دانیال نے بنگلادیش کے جبڑوں سے فتح چھین لی، 6 رنز دیے اور میچ سپر اوور پر چلا گیا۔انہوں نے سپر اوور میں بھی کمال کردیا، 2 وکٹیں لیں اور صرف 6 رنز دیے، شاہینز کو سپر اوور میں 7 رنز کا ہدف ملا جو گرین شرٹس نے حاصل کرکے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ جیت لیا۔









