دبئی(رپورٹنگ آن لائن)افغان کرکٹر محمد نبی نے کہا ہے کہ بھارتی رن مشین ویرات کوہلی اور روہت شرما ٹی ٹوئنٹی سے کیوں ریٹائر ہوئے اس کی اب تک سمجھ نہیں آئی۔
تفصیلات کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی نے حال ہی میں 38 اور 37 سال کی عمر میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بالترتیب نمبر 1 اور 2 پوزیشن حاصل کی ہے، اس عمر میں بھی عالمی رینکنگ میں سرفہرست آنے پر بھارت اور عالمی سطح پر آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ دونوں کو ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر نہیں ہونا چاہیے تھا۔
افغانستان کے لیجنڈ اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد اس سال کے شروع میں 40 سال کی عمر میں ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی انھوں نے کوہلی اور روہت کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر روہت شرما اور ویرات کوہلی پرفارم کررہے ہیں اور انکا جسم انھیں کھیلنے کی اجازت دیتا ہے تو وہ 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ کیوں نہ کھیلیں۔
دبئی میں موجود افغان کرکٹر نے کہا کہ دونوں پچھلی چند سیریز میں بہت اچھا کھیلے ہیں اور اچھا پرفارم کر رہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ انھوں نے T20 سے ریٹائرمنٹ کیوں لے لی۔انھوں نے کہا کہ جب روہت اور کوہلی ون ڈے کرکٹ میں کھیل رہے ہیں تو بھارتی ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی رہی ہے، ٹیم متوازن اور مضبوط نظر آتی ہے، انھیں اگلے ورلڈ کپ میں ضرور ایک ساتھ کھیلنا چاہیے۔









