اداکارہ میرا

کورونا گو گو کے نعرے کے ساتھ میرا کا پی ٹی وی پر شو کرنے کا اعلان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) اداکارہ میرا جلد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کوئی پروگرام کرتی دکھائی دیں گی۔اداکارہ میرا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ جلد ہی وہ اپنے پسندیدہ ٹی وی چینل پی ٹی وی پر ایک نیا پروگرام کرتی دکھائی دیں گی جس میں وہ شائقین کے سوالوں کے جواب بھی دیں گی۔

میرا نے انسٹاگرام پر 2 خواتین کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کورونا گو گو کا نعرہ لگاتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے مداح جلد انہیں پی ٹی وی پر ایک منفرد پروگرام کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ وہ صحت، تعلیم، ایوی ایشن اور پائلٹس کے معاملے پر مبنی آگاہی پروگرام کرنے جا رہی ہیں، جس میں وہ ماہرین سے لوگوں کے سوالوں کے جواب بھی پوچھیں گی اور مذکورہ پروگرام سے ہر کسی کو سیکھنے کے لیے بہت کچھ ملے گا۔ اداکارہ نے لکھا کہ وہ فون پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دے دے کر تنگ آچکی ہیں۔