کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے صوبہ کے مختلف اضلاع کے لیے حفاظتی سامان کا عطیہ کیا گیا ،سامان میں 9000 سے زائد حفاظتی لباس، ہینڈ سینیٹائزر اور 4500 ماسکس شامل ہیں ۔
جاری اعلامیہ کے مطابق گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے لئے سامان لاڑکانہ، سکھر، سہون، دادو، قمبر شہدادکوٹ اور جیکب آباد بھیجا جا رہا ہے، اس کے علاوہ گھوٹکی، میرپورخاص اور شکارپور میں بھی حفاظتی سامان کی ترسیل کی جارہی ہے –
گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز ، طبی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں، فرنٹ لائن سولجرز کی قربانیوں پر انہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے مراکز میں طبی عملہ کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ حفاظتی لباس کے ساتھ زیادہ بہتر طریقہ سے کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں ،کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، اس کے جلد جانے کے آثار نہیں ہیں،ہاتھ نہ ملانے، گلے نہ ملنے، بار بار ہاتھ دھونے کو اپنے طرز زندگی کا حصہ بنا کر ہی ہم کورونا کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔