خودکش دھماکا 166

کوئٹہ،ایف سی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا، 3 سیکیورٹی اہل کار شہید، 20 افراد زخمی

کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن ) کوئٹہ کے علاقے مستونگ میں ایف سی گاڑی کے قریب خودکش حملے میں 3 سیکیورٹی اہل کار شہیدجب کہ 20 افراد زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، پاکستان پر دباو ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے،پاکستان اس دبا سے نکل کر خطے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پولیس کے مطابق دھماکا مستونگ روڈ کے قریب ہوا۔

ڈی آئی جی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملہ ایف سی کی سونا چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔ خودکش حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید، جب کہ 20 زخمی ہوئے۔ حملے کے فورا بعد لاشوں کو ضروری کارروائی جب کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جو معمول کے گشت پر تھی۔

حملے میں 6 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ حملہ آور نے موٹر سائیکل کے ذریعے ایف سی چیک پوسٹ اور گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکھٹے کرلیے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ ایک ایسی شاہراہ ہے جہاں سے زیادہ تر مسافر کوچز اور بسیں گزرتی ہیں۔

خودکش حملے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ پاکستان پر دبا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستان اس دبا سے نکل کر خطے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں