اجلاس 43

کفایت شعاری اقدامات، سینیٹ سیکریٹریٹ میں 700 سے 750 ملین روپے کی بچت ممکن

(رپورٹنگ آن لائن)کفایت شعاری اقدامات کے نتیجے میں سینیٹ سیکریٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے باقی ماندہ بجٹ کے استعمال میں 50 فیصد سے زائد کمی کی پیش گوئی کی ہے جس سے اندازاً 700 سے 750 ملین روپے کی بچت متوقع ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر سینیٹ سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ان کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔

اس عمل میں سینیٹ کے بجٹ اخراجات میں نمایاں کمی پر توجہ دی گئی جس کا آغاز چیئرمین کے اپنے دفتر کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی سے کیا گیا۔

مالیاتی نظم و ضبط کو ہر سطح پر نافذ کرنے کے اصول کو اپناتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات کا آغاز اعلیٰ ترین سطح سے ہونا چاہیے۔ چنانچہ چیئرمین کے دفتر کے بجٹ میں نمایاں کمی کا حکم دیا گیا تاکہ دیگر تمام شعبے بھی اس کی پیروی کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے سیکریٹریٹ میں فوری طور پر کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ کے لیے جامع ہدایات جاری کیں جن میں بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی، پی او ایل (پٹرول، آئل اور لبریکنٹس) کے استعمال میں 50 فیصد کمی، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو غیر فعال کرنا، غیر ضروری خریداریوں پر سخت پابندی اور حکومتی پالیسی کے مطابق تنخواہوں سے کٹوتیوں/عطیات کا نفاذ شامل ہے۔

مزید برآں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے لیے روٹیشن کی بنیاد پر پک اینڈ ڈراپ سہولت فراہم کرنے جیسے انتظامی اقدامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن کا مقصد آپریشنل اخراجات میں کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ آئندہ کسی بھی خریداری کو سینیٹ کی ایک خصوصی کفایت شعاری کمیٹی کی منظوری سے مشروط کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں