فیصل ممتاز راٹھور 32

کشمیر کے ہر معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مضبوط آواز اٹھائی ہے،فیصل ممتاز راٹھور

لاڑکانہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہدا کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے ہر معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مضبوط آواز اٹھائی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت کے قیام کا کریڈٹ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کو جاتا ہے، پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی، عوام کے حقوق کی بات کی اور عملی اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کے سامنے بھارتی فوج کھڑی ہے مگر آپریشن معرکہ حق میں کشمیر کے عوام بھارتی فورسز کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں وفاق میں وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے اور آزاد کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی ہی کی حکومت قائم ہوگی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نوجوانوں اور عوام کے لیے اہم ترقیاتی منصوبے کشمیر میں لائے جائیں گے اور ہم کشمیریوں کی مایوسیاں دور کرنے کے لیے عملی کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں