صدر مملکت

کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ کمٹمنٹ ہے۔ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں۔

پاکستان اس وقت تک ادھورا ہے جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ہے، صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا، صدر مملکت سے ملاقات کرنے والں میں پاکستان تحریک انصاف کی ممبر قومی اسمبلی وکنوینئر پارلیمانی ذیلی کمیٹی برائے کشمیری ثقافت نورین فاروق ابراہیم، چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، لارڈ میئر آف لیڈز محمد اصغر قریشی، صدر یوتھ پارلیمنٹ عبیدالرحمان قریشی ودیگر شامل تھے وفد نے ایوان صدر میں ڈاکٹر عارف علوی سے تفصیلی ملاقات کی،ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب توجہ دینی ہوگی۔

ہندوتوا کا نظریہ نہیں چل سکتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے حقیقی معنوں میں سفیر ہیں، اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ کے اندر برطانوی حکومت اور بھارت پر بار بار دباو ڈال رہے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دے۔

لارڈ قربان حسین نے بتایا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ کے ہر اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لئے برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے سوالات کرتے ہیں اور اس مسئلہ کو حل کروانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے پاکستان تحریک انصاف کی ممبر قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی نئی نسل شامل ہو چکی جس میں ڈاکٹر انجینئرز اور پڑھے لکھے نوجوان قربانیاں دے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے متعدد بار آزادکشمیر کا دورہ کر چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست2019کے اقدام کے بعد ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کررہا ہے۔ سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کرنے پر صدر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی برطانیہ اور یورپ میں ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا انھوں نے بتایا کہ ہم نے ماہ فروری کے آغاز سے کشمیر ویک منا کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور دنیا کو باور کروایا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت بھی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے کشمیریوں پر بھارتی افواج ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں ہم ان شاءاللہ تعالیٰ مارچ کے وسط میں بھی برطانیہ اور یورپ میں مظاہروں، ریلیوں، کشمیر سیمینار کا انعقاد کریں گے صدر پاکستا ن ڈاکٹر عارف علوی نے راجہ نجابت حسین کی کاوشوں کو خوب سراہا، لارڈ میئر آف لیڈز محمد اصغر قریشی نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔جب پاکستان ٹیم جیتتی ہے تو جشن سرینگر میں منایا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے جعلی ڈومیسائل دیے جارہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ہندوستان پر دبا¶ بڑھایا جائے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ اہل پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا ہم چین سے نہیں رہیں گے۔