لاہور(نمائندہ خصوصی)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ، عام شہریوں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
یکجہتی کشمیر ریلی الحمرا ء مال روڈ سے شروع ہو کر اسمبلی چوک پہنچی۔ شرکاء سارے راستے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے لگاتے رہے ۔ریلی میں ممبرانِ اسمبلی، مسلم لیگ (ن) کے سینئر کارکنان، لیبر ونگ، یوتھ ونگ اور لاہور تنظیم کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اسمبلی چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) لاہور سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کشمیر کی آزادی کے لیے نہ ہم پہلے کبھی جھکے تھے اور نہ آئندہ جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے ہمارے کشمیری بھائی ان شا اللہ وہ دن ضرور دیکھیں گے جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،یہ ریلی کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار ہے ۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیریوں کی ہر پلیٹ فارم پر اخلاقی سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے







