امیر مقام 46

کشمیری عوام مسلم لیگ (ن) کی صورت میں تعمیر و ترقی کا انقلاب دیکھ رہی ہے، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہےکہ کشمیری عوام مسلم لیگ (ن) کی صورت میں تعمیر و ترقی کا انقلاب دیکھ رہی ہے،ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم عوام میں سے ہیں اور عوام کے مسائل بخوبی سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں اسلام آباد میں مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائز ثاقب مجید راجا اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کو معرکہ حق کے دوران جاندار پایا ہر وقت پستول لئے بارڈر پر دیکھتا رہا ، میں انکی قدر کرتا ہوں،راجہ مشتاق منہاس کو استاد مانتا ہوں ،اس سے رہنمائی حاصل کی ، مشتاق منہاس کی بدولت سیاست میں کامیابی میں آسانی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر محمد خان ،راجہ ثاقب مجید کو( ن) لیگ میں شمولیت پر اپنی اور قیادت کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں،ضلع باغ میں سردار میر اکبر خان کے بعد دوسری بڑی شمولیت نے (ن )لیگ کو باغ میں طاقت بخشی ہے،آج ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو دیکھ کر دل خوش ہوا ہے یہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی جیت کا آغاز ہے،نئے شامل ہونے والے افراد آزاد کشمیر کی قیادت کی محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے دن رات محنت کی،یہ جذبہ و ولولہ میں نے سڑکوں اور یہاں ہال میں دیکھا تو دل مسرت محسوس کر رہا ہے یہی اعلان جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آزاد کشمیر میں عوام کا روشن مستقبل دیکھ رہا ہوں اور یہ مستقبل مسلم لیگ (ن )کے ساتھ ہوگا،ہم پاکستان اور کشمیر کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت کشمیر میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے،اس جذبہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن )کیساتھ اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔وزیر امورکشمیر نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں عوامی مسائل ، ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاملات کو حل کرنے کی مکمل کوشش کی اور اس میں مسلم لیگ کی مرکزی قیادت کی مشاورت اور رہنمائی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی خواہش ہے کہ وہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے عوام کے کہنے سے پہلے ان کو ایم ایف سی میں حصہ ملتا رہے،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی میں ساتھ لیکر چلیں گے،(ن) لیگ نے پاکستان کو تابناک روشن پاکستان بنا کر دیا ، یہی ترقی آزاد کشمیر میں دیکھنا ہمارا خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کا آغازوزیراعظم محمد شہباز شریف اور نواز شریف کا ویژن ہے جو کشمیریوں کے بچوں کو تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری کرینگے ، آزاد کشمیر کو مفت تعلیم دینگے، خدمت ن لیگ کے منشور کا حصہ ہے،آزاد کشمیر میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی طرح لیپ ٹاپ کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی منظوری کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جلد سو فیصد نتائج نظر آئیں گے،ہم سب کیساتھ مل کر کشمیریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف آئندہ بھی دیتے رہیں گے،ایل او سی پر رہنے والے کشمیری پاکستان کے بلامعاوضہ سپاہی ہیں اگر انکو سب کچھ دیا جائے تو بھی کم ہوگا۔

امیر مقام نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر احسان نہیں کر رہے یہ انکا حق ہے اور پاکستان کےساتھ ان کی محبت کا انعام ہے،ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ، میں نے کشمیر میں جو ترقی دیکھی سب نے کہا یہ مسلم لیگ ن کی نشانی ہے۔امیر مقام نے کہا کہ کشمیری عوام مسلم لیگ ن کی صورت میں تعمیر و ترقی کا انقلاب دیکھ رہی ہے،ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم عوام میں سے ہیں اور عوام کے مسائل بخوبی سمجھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں