فواد چوہدری 175

کسی کو مایوسی دیکھنی ہے تومولانا فضل الرحمان کی تصویر دیکھ لے، فواد چوہدری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کو مایوسی دیکھنی ہے تو وہ مولانا فضل الرحمان کی تصویر دیکھ لے،جن کی وجہ سے آج پاکستان کو یہ دن دیکھنا پڑرہاہے وہ ہمیں مشورے دے رہے ہیں،پی ڈی ایم کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے، پی ڈی ایم حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کرے، حکومت کو آپ دیوار سے نہ لگائیں وہ آپ کو نہیں لگائے گی۔

ہفتہ کو اداکار شان کی والدہ کی تعزیت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کو سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں کرنا کیاہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو کی آنکھوں سے مایوسی جھلک رہی ہے، اگر کسی نے مایوسی دیکھنی ہے تو وہ مولانا فضل الرحمان کی تصویر دیکھ لے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جن کی وجہ سے آج پاکستان کو یہ دن دیکھنا پڑرہاہے وہ ہمیں آج مشورے دے رہے ہیں، پی ڈی ایم کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو بتائیں وہ ایسا کیا کریں گے جو پچھلے تیس سال میں نہیں کرسکے، ان کی کوشش ہے عدالتوں سے انہیں ریلیف مل جائے۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کرے، حکومت کو آپ دیوار سے نہ لگائیں وہ آپ کو نہیں لگائے گی، مریم نواز کا اپنی پارٹی میں اتنا بڑا قد نہیں ہے، استعفے ایوان میں پہنچنے پرلیگی کارکان اسپیکر کے پاوں میں بیٹھ گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق نے 16 سو ارب روپے کراچی کے لئے دیا لیکن پتہ نہیں وہ پیسہ کہاں لگایا گیا، پیپلزپارٹی اندرون سندھ کی پارٹی بن گئی ہے، آصف زرداری نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا ہے، وہ کام ضیا الحق نہ کرپائے جو پارٹی کے ساتھ زرداری نے کیا، مسلم لیگ (ن)بھی ختم ہو گئی ہے، مشورہ ہے کہ سب مل کر مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ایک پارٹی بنا لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں