لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقے کو کورونا وائرس کے کیسز کے پیش نظر ہاٹ سپاٹ قرار دینے کی پالیسی بر قرار ہے اور ایسے علاقوں میں ہر صورت سمارٹ لاک ڈاﺅن کا نفاذ کیا جائے گا ،
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے متعلقہ تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، جب تک اپوزیشن اپنے گلے سے کرپشن کا طوق نہیں اتارے گی ان کی سیاست پروان نہیں چڑھ سکتی لیکن بد قسمتی سے ان کی سیاست کو تقویت ہی کرپشن سے ملتی ہے ۔
گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والی خواتین کے وفد اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے ہرگز غافل نہیں ، کورونا وائرس کے کیسز کی وجہ سے کسی بھی علاقے کو ہاٹ سپاٹ قرار دینے کی پالیسی بر قرار ہے اور ایسے علاقوں میں طے شدہ ایس او پیز کے مطابق سمارٹ لاک ڈاﺅن کا نفاذ کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک دور اندیش لیڈر ہیں اور انہوںنے کورونا وائرس کی وباءکے دوران بروقت اور غیر معمولی فیصلے کئے جن کے مثبت نتائج برآمدہوئے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن سے اپیل ہے کہ موجودہ حالات میں منفی سیاست کو پس پست ڈال کر ملک و قوم کے بہترین مفادمیں کردار ادا کرے اور اس سے ان کی سیاست پر کوئی فرق نہیںپڑے گا۔
اپوزیشن چاہتی ہے کہ انہیں کرپشن کرنے کی کھلی چھوٹ دیدی جائے اور پھر ان سے ہر معاملے میں تعریفی سرٹیفکیٹ لے لیا جائے جو کسی صورت ممکن نہیں۔