ڈائریکٹر ایکسائز فیصل آباد

کرپشن کے الزامات، ڈائریکٹر ایکسائز فیصل آباد نے ایم آر اے اور کلرک سے جواب طلب کرلیا۔

تنویر سرور۔۔

ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل آباد نعمان خالد نے تحریری احکامات کے بغیر بطور انسپکٹر کام کرنے ،اسلام آباد نمبروں کی حامل گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کرنے اور کرپشن کرنے کے الزامات کے تحت فیصل آباد موٹر برانچ کے کلرک افتخار احمد سے جواب طلبی کرلی ہے۔

یہی نہیں بلکہ ڈائریکٹر ایکسائز نے اے ڈی آر اور کمپنیوں کے لاگ ان بنانے کے عوض کرپشن کرنے کے الزامات پر ایم آر اے فیصل آباد عبدالستار اعوان سے بھی جواب طلبی کرلی ہے۔

زرائع کے مطابق عوام الناس کی سہولت کی خاطر فیصل آباد میں اسلام آباد نمبر کی حامل گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کے لئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کو اختیار دیا گیا تو فیصل آباد میں کلرک افتخار احمد نے خود سے ہی گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن شروع کر دی۔

حالانکہ پنجاب اور ملک بھر میں بشمول اسلام آباد صرف ایکسائز انسپکٹر ہی گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کر سکتا ہے تاہم فیصل آباد میں افتخار احمد نامی اہلکار کو اسلام آباد نمبر کی حامل گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کا اختیار دیا گیا ہے جو کہ انسپکٹر نہیں ہے اور نہ ہی اس کے پاس OPS یا لک آفٹر کے طورپر انسپکٹر کا چارج ہے۔

دوسری طرف، فیصل آباد ایکسائز آفس میں رواں سال جنوری سے 31 اگست کے دوران مالک کی بجائے ان کے خود ساختہ نمائندوں کے ذریعے 4 سو سے زائد گاڑیوں کی مبینہ طور پر بوگس تبدیلی ملکیت کا انکشاف سامنے آنے اور کمپنیوں کے نمائندوں کو رشوت کے عوض لاگ ان دینے پر ڈائیریکٹر ایکسائز فیصل آباد نعمان خالد نےایم آر اے عبدالستار اعوان سے وضاحت کرلی ہے