لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ ن کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا کہ شہباز شریف کے خوف نے عمران خان کا سکھ چین برباد کردیا ہے،کرپشن بچا ﺅشور مچاﺅتحریک انصاف کا منشور بن چکا ہے،پی ٹی آئی کے اسکینڈلز پر ہاتھ ڈالتے چیئرمین نیب کے پر جلتے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں،
ہفتہ کو ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور کرپشن بچاو اور شور مچاو بن چکا ہے، عمران خان اور وزرا شہباز شریف فوبیا کا شکار ہو چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو دوسروں پر الزام لگاتے ہوئے آخر شرم کیوں نہیں آتی،رنگ روڈ اسکینڈل میں اربوں کھانے والے کپتان کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں، جس میں 2سرکاری افسروں کو بلی کا بکرا بنایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ زلفی بخاری، شیخ رشید اور غلام سرور عمران خان کی مقدس گائے ہیں، بنی گالہ اصل میں مافیاز کی جائے پناہ ہے، عمران خان کی سرپرستی میں ہر سیاسی بونا مال جمع کرنے میں لگا ہے،عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے اسکینڈلز پر ہاتھ ڈالتے چیئرمین نیب کے پر جلتے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔









